ایران پر حملوں نے عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے: عاصم افتخار

ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور پاکستان اس حوالے سے ایران کی مکمل حمایت کرتا ہے، مستقل مندوب
شائع 12 مارچ 2026 08:33am

اقوام متحدہ میں پاکستان نے ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 28 فروری کو ایران پر ہونے والے حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور پاکستان اس حوالے سے ایران کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران پر حملوں نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے۔

عاصم افتخار نے خلیجی خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات پر ایرانی حملوں کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث لاکھوں پاکستانی شہری مختلف خلیجی ممالک میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں۔ پاکستانی مندوب کے مطابق تنازعات کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ مذاکرات، سفارتکاری اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری میں مضمر ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور تمام مسائل کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔