اس عید پر گھر کو دلکش اور اسٹائلش بنانے کے 8 آسان اور خوبصورت طریقے

آپ اپنے آشیانے کو ایک سحر انگیز شکل دے سکتے ہیں۔
شائع 12 مارچ 2026 10:20am

خوشیوں اور برکتوں کا تہوار عیدالفطر قریب آتے ہی گھروں میں عید کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔ اس موقع پر صرف نئے کپڑے اور مزیدار کھانے ہی نہیں بلکہ گھر کی خوبصورت سجاوٹ بھی عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیتی ہے۔

اس سال عید کے موقع پر گھر کی آرائش ایسی ہونی چاہیے کہ قدم رکھتے ہی عید کی حقیقی روح کا احساس ہو۔ ہلکی روشنیوں، روایتی لمس اور دیدہ زیب رنگوں کے امتزاج سے آپ اپنے آشیانے کو ایک سحر انگیز شکل دے سکتے ہیں۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ عید کے دن مہمانوں کو گھر میں داخل ہوتے ہی خوشگوار اور فیسٹیو ماحول محسوس ہو تو چند سادہ مگر دلکش ڈیکوریشن آئیڈیاز اپنا سکتے ہیں۔

گھر کے داخلی دروازے کو خاص بنائیں

عید کے دن سب سے پہلے مہمانوں کی نظر گھر کے دروازے پر پڑتی ہے، اس لیے اسے خوبصورت انداز میں سجانا ضروری ہے۔ دروازے پر عید مبارک بینر، چاند اور ستاروں کی ہینگنگ یا تازہ پھولوں کی لڑی لگانے سے داخلہ مزید پرکشش لگتا ہے۔ اس کے ساتھ فیری لائٹس بھی لگائی جا سکتی ہیں۔

فیری لائٹس سے جگمگاہٹ بڑھائیں

عید کی سجاوٹ میں روشنی کا خاص کردار ہوتا ہے۔ بالکونی، کھڑکیوں یا دیواروں پر ہلکی فیری لائٹس لگانے سے گھر میں مدھم اور خوبصورت روشنی پھیلتی ہے جو رات کے وقت ماحول کو مزید دلکش بنا دیتی ہے۔

چاند اور ستاروں کی تھیم اپنائیں

چونکہ عید کا تعلق چاند سے ہے، اس لیے گھر میں ’مون اینڈ اسٹار‘ تھیم اپنائیں۔ گولڈن یا سلور کلر کے چاند ستارے، وال اسٹیکرز یا پیپر ڈیکور استعمال کر کے گھر میں عید کا حقیقی ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔

تازہ پھولوں سے سجاوٹ

پھول ہمیشہ سے گھر کی خوبصورتی بڑھانے کا آسان اور خوبصورت طریقہ رہے ہیں۔ قدرتی پھولوں کی خوشبو اعصاب کو سکون بخشتی ہے۔

گلاب، گیندے یا موگرا کے پھولوں سے دروازوں، میزوں اور کمرے کے مختلف حصوں کو سجایا جا سکتا ہے۔ پھولوں کی خوشبو گھر کے ماحول کو خوشگوار بنا دیتی ہے۔

ڈائننگ ٹیبل کو بھی خوبصورت بنائیں

عید کے دن گھروں میں خصوصی دعوتوں کا اہتمام ہوتا ہے۔ عید کی دعوت دسترخوان کے بغیر ادھوری ہے اس لیے ڈائننگ ٹیبل کی سجاوٹ بھی اہم ہے۔

اپنی ڈائننگ ٹیبل کو دیدہ زیب رنرز، موم بتیوں، اور خوبصورت کراکری سے سجائیں۔ میز کے درمیان میں ایک چھوٹا گلدان رکھ کر آپ مہمانوں کے لیے کھانے کے لطف کو دوبالا کر سکتے ہیں۔

دیواروں کو فیسٹیو لُک دیں

گھرکی دیواروں کو خالی نہ چھوڑیں۔ عید کی مناسبت سے کیلی گرافی، وال ہینگنگز یا رنگین غباروں کا استعمال کریں۔ اگر آپ جدت پسند ہیں تو چاند ستارے کے ڈیزائن والے وال ڈیکور دیواروں کو ایک نئی زندگی دے دیں گے۔

کشن اور پردوں میں تبدیلی

کم بجٹ میں گھر کا نقشہ بدلنے کے لیے پردوں اور کشن کورز کی تبدیلی بہترین حل ہے۔ عید کے لیے گہرے سبز، سنہری یا سفید جیسے شاہانہ رنگوں کے مخملی کشن اور ریشمی پردے استعمال کریں، جو گھر کو فوری طور پر ایک پرتعیش لک فراہم کریں گے۔

موم بتیاں اور لالٹین سے شام کو خاص بنائیں

شام کے وقت گھر کے کونوں، میزوں اور بالکونی میں خوبصورت ڈیزائن والی لالٹینیں اور خوشبودار موم بتیاں رکھیں۔ ان کی مدھم اور گرم روشنی گھر میں اپنائیت اور سکون کا احساس پیدا کرتی ہے، جو عید کی رات کو یادگار بنا دیتی ہے۔

ان سادہ اور خوبصورت ڈیکوریشن آئیڈیاز کی مدد سے آپ اپنے گھر کو عید کے موقع پر نہ صرف دیدہ زیب بنا سکتے ہیں بلکہ مہمانوں کے لیے ایک یادگار اور خوشگوار ماحول بھی پیدا کر سکتے ہیں۔