ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکی طیارہ عراق میں گر کر تباہ، سینٹکام کی تصدیق

سینٹکام نے فوجی طیارہ گرنے کی تصدیق کردی
شائع 13 مارچ 2026 08:31am

ایران کے خلاف جاری فوجی کشیدگی کے دوران عراق میں ایک امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس میں چھ افراد سوار تھے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طیارہ مغربی عراق میں گر کر تباہ ہوا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں ایندھن فراہم کرنے والے طیارے کے نقصان کی اطلاع ہے۔

بیان کے مطابق ایک طیارہ مغربی عراق میں گرا جبکہ اس کے ساتھ پرواز کرنے والا دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

سینٹکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی افواج خطے میں جاری فوجی کارروائی آپریشن ایپک فیوری کے دوران سرگرم تھیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہوسکیں تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار عملے کے حوالے سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔

ایران کی ختم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کی مزاحمتی فورسز نے امریکا کا ری فیولنگ طیارہ مار گرایا ہے۔

اپنے بیان میں ختم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر نے مزید کہا کہ طیارے میں موجود تمام اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔