آپریشن غضب للحق: پاک فوج کی کارروائی میں قندھار ایئر فیلڈ آئل اسٹوریج سائٹس تباہ
آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج کی کارروائی میں قندھار ایئر فیلڈ آئل اسٹوریج سائٹس تباہ کردی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت 12 اور 13 مارچ کی شب قندھار ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹس کو مؤثر حملوں کے ذریعے تباہ کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد حملوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے جس میں اہداف پر حملوں سے پہلے اور بعد کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان آئل اسٹوریج سائٹس کو مبینہ طور پر افغان طالبان اور دیگر عسکریت پسند گروہ اپنی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان تنصیبات کو نشانہ بنانے کا مقصد ایسے ڈھانچے کو ختم کرنا تھا جو مبینہ طور پر حملوں اور دیگر کارروائیوں میں معاونت فراہم کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی جاری فوجی مہم ’آپریشن غضب للحق‘ کے تحت کی گئی، جس کے دوران مختلف مقامات پر مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مزید کارروائیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا دیگر تفصیلات کے بارے میں سرکاری سطح پر مزید معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے اہداف کے مکمل حصول تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
















