سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کو 2017 میں بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے پاکستان کی جانب سے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی، انہی کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی اور ان کی قیادت میں ہی پاکستان ٹیم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچی۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے۔ حکومتِ پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا تھا۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یاد گار لمحات ہیں۔ سرفراز احمد بطور رکن سلیکشن کمیٹی کرکٹ بورڈ کا حصہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلِ خانہ اور مداحوں کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہوں، پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا میرے لیے خواب کی تعبیر تھا، میں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا میرے لیے باعثِ فخر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ یاد رہے گی۔
سرفراز احمد نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتا رہوں گا۔
















