پی آئی اے کی فروخت کی گئی پراپرٹیز کی تفصیلات سامنے آگئیں

پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن میں 11 پراپرٹیز شامل ہیں، حکام
شائع 16 مارچ 2026 05:49pm

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی فروخت کی گئی پراپرٹیز کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

حکام کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن میں 11 پراپرٹیز شامل ہیں جب کہ 12 ارب روپے مالیت کی پراپرٹیز میں سے 7 بیرون ملک ہیں۔

دستاویز کے مطابق بھارت میں پی آئی اے کی 36 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 2 پراپرٹیز ہیں، نئی دہلی میں پراپرٹی کی مقامی ویلیو 12 کروڑ 19 لاکھ روپے ہے، ممبئی میں پراپرٹی کی مقامی کرنسی میں ویلیو 11 کروڑ 25 لاکھ روپے ہے۔

نیویارک میں پی آئی اے پراپرٹی  کی مارکیٹ ویلیو 19 لاکھ 35 ہزار ڈالر ہے، ایمسٹرڈیم میں 3 پراپرٹیز کی ویلیو 34 لاکھ 35 ہزار یوروہے، پی آئی اے کی 11 میں سے 4 پراپرٹیز پاکستان میں بھی ہیں۔

ازبکستان میں پی آئی اے کی پراپرٹی کی ویلیو 4 ارب مقامی سوم کے مساوی ہے، پی آئی اے کی 4 مقامی پراپرٹیز کی ویلیو کا تخمینہ 11 ارب 40 کروڑ ہے، پی آئی اے پشاور سیلز آفس بلڈنگ کی ویلیو 5 ارب 56 کروڑ روپے ہے۔

قومی ایئر لائن کی راولپنڈی مال روڈ پر پراپرٹی کی ویلیو 2.54 ارب روپے ہے، پی آئی اے اسلام آباد بلیو ایریا سیلز آفس کی مالیت 2.67 ارب روپے ہے، پی آئی اے کی کوئٹہ میں جائیداد کی مالیت 91 کروڑ 57 لاکھ  روپے ہے۔

دستاویز کے مطابق نیویارک میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل اس کے علاوہ ہے، فرانس کے شہر پیرس میں سکرائب ہوٹل بھی پی آی اے کی ملکیت ہے۔