بیٹوں کو والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے: جمائمہ کی وزیراعظم سے اپیل

سلمان اور قاسم کے ویزے کی درخواست 60 دن سے زیر التوا، والد سے بات کی اجازت بھی نہیں
شائع 16 مارچ 2026 11:37pm

سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہو ان کے بیٹوں سلمان اور قاسم کو والد سے ملاقات اور بات کرنے کی اجازت دی جائے۔

جمائمہ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ درخواست خاص طور پر ایسے وقت میں اہم ہے جب ان کے بیٹوں کی صحت خراب ہے۔

جمائمہ گولڈ اسمتھ نے بتایا کہ ان کے دونوں نے بیٹے جنوری میں پاکستان کے ویزے کے لیے دوبارہ درخواست دے چکے ہیں، تاہم پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے آن لائن ویزہ پراسیسنگ میں 7 سے 10 دن لگنے کی اطلاع کے باوجود اب تک 60 دن گزر چکے ہیں اور بیٹوں کو والد سے ملاقات یا بات کرنے کی اجازت نہیں ملی۔

جمائمہ نے کہا ”میں براہ راست وزیراعظم سے اپیل کرتی ہوں کہ میرے بیٹوں کو والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ان کی صحت خراب ہے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ سلمان اور قاسم اپنے والد سے ملاقات کے منتظر ہیں اور یہ معاملہ ان کی فلاح اور ذہنی سکون کے لیے فوری حل طلب ہے۔

اب تک پاکستانی قونصلیٹ یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس درخواست پر کوئی تازہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔