ابرار احمد کی سن رائزرز میں شمولیت پر گواسکر کی شدید تنقید

سنیل گواسکر نے سن رائزرز کی مالکن کاویا مران کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
شائع 17 مارچ 2026 12:37pm

پاکستان کے نوجوان اسپنر ابرار احمد کی برطانوی فرنچائز سن رائزرز لیڈز میں شمولیت پر بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

گواسکر نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کو فرنچائز کی جانب سے دی جانے والی رقم بالآخر ٹیکس کی شکل میں پاکستان کی حکومت تک پہنچتی ہے، جسے وہ بھارتی عوام کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہیں۔

سنیل گواسکر نے خاص طور پر سن رائزرز کی بھارتی مالکن کاویا مران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ بھارتی فرنچائز کو پاکستانی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے کے بعد مالی فوائد کا یہ سلسلہ بھارتی شہریوں کے نقصان میں جا سکتا ہے۔

دوسری جانب، بھارتی کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ دی ہنڈریڈ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اس لیے وہ ابرار احمد کی شمولیت کے فیصلے پر کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ کاویا مران نے حال ہی میں دی ہنڈریڈ کی پلیئرز نیلامی میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈز میں اپنی ٹیم سن رائزرز لیڈز کے لیے شامل کیا ہے۔