دھرندھر2؛ ریلیز سے پہلے عدالت کا بڑا فیصلہ
بولی ووڈ فلم ’دھرندھر2‘ آج 19 مارچ کو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے، تاہم اس سے پہلے ہی پائریسی کے خطرے کے پیش نظر عدالت نے اہم قدم اٹھایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدراس ہائی کورٹ نے ایک عبوری حکم جاری کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں اور کیبل آپریٹرز کو ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی اس فلم کو غیر قانونی طریقے سے نہ دکھائے اور نہ ہی انٹرنیٹ پر چلائے۔ یہ حکم 15 اپریل تک نافذ رہے گا۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب فلم کے پروڈیوسرز نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ فلم کو ریلیز سے پہلے ہی آن لائن یا ٹی وی کے ذریعے غیر قانونی طور پر پھیلایا جا سکتا ہے، جس سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو فلم کے حقوق رکھنے والوں کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس فیصلے سے کچھ کاروباری اداروں کے مفادات متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے پروڈیوسرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ فریقین کو معاوضہ دیں۔
فلم کی اگلی سماعت 15 اپریل کو ہوگی۔
یاد رہے کہ فلم ’دھرندھر2‘ میں رنویر سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ دیگر اداکاروں میں سنجے دت، ارجن رامپال اور آرمدھون شامل ہیں۔
فلم کی کہانی جَسکیرت سنگھ رنگی سے حمزہ علی مزاری بننے تک کے سفر کو دکھاتی ہے اور ریلیز سے پہلے ہی اس نے ایڈوانس بکنگ کے ذریعے تقریباً 44 کروڑ بھارتی روپے کما لیے ہیں۔















