کویت میں 2 آئل ریفائنریز پر ڈرون حملوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی

دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صورت حال پر قابو پالیا گیا ہے، حکام
اپ ڈیٹ 19 مارچ 2026 04:36pm

کویت میں دو آئل ریفائنریز پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں آگ لگ گئی، تاہم حکام کے مطابق دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صورت حال پر قابو پالیا گیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے بتایا کہ پہلا ڈرون حملہ مینا الاحمدی ریفائنری کے ایک آپریشنل یونٹ پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں محدود نوعیت کی آگ بھڑک اٹھی، یہ ریفائنری کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی کے زیر انتظام ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے اور تنصیب کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے۔

دوسری جانب ایک اور ڈرون حملہ مینا عبداللہ ریفائنری کے آپریشنل یونٹ پر کیا گیا، جس کے باعث وہاں بھی آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق دونوں ریفائنریز پر حفاظتی اقدامات پہلے سے موجود تھے جس کے باعث عملے کو محفوظ رکھا گیا۔

کویت کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق آگ بجھانے کیلئے چھ فائر فائٹنگ ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور دونوں مقامات پر آگ پر قابو پا لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں کویت میں میزائل اور ڈرون حملوں کی کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جنہیں بیشتر مواقع پر ناکام بنا دیا گیا۔ کسی بھی حملے میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں امریکی مفادات اور تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے، جو امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کا حصہ ہے۔