پاکستان میں دوسرے روز بھی سونا ہزاروں روپے سستا، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

سونے کے دام اچانک گرنے سے خریدار خوش، سرمایہ کاروں کی توجہ بڑھ گئی
شائع 20 مارچ 2026 02:38pm

پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 8100 روپے اور 10 گرام سونا 6945 روپے سستا ہوگیا ہے۔

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں جمعے کے روز بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو فائدہ پہنچا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوس ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 8 ہزار 100 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 91 ہزار 362 روپے ہو گئی۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 945 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 21 ہزار 263 روپے ہوگئی۔

اس کے علاوہ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 81 ڈالر کی کمی سے 4 ہزار 686 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

دوسری جانب پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت 50 روپے کی کمی سے 7 ہزار 684 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت 24 ہزار 300 روپے کی بڑی کمی سے 5 لاکھ روپے فی تولہ سے کم ہو گئی تھی۔