’گھر والوں سے دور رہ کر ملک کی حفاظت، افواجِ پاکستان کے لیے عید کی اصل روح ہے‘
پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد دی گئی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے افواجِ پاکستان کی طرف سے اپنے پیغام میں تمام پاکستانیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں عسکری قیادت نے کہا کہ عیدالفطر صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ یہ اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری جیسی اہم اقدار کی یاد دہانی بھی کراتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے لیے عید کی اصل روح اس خدمت میں پوشیدہ ہے جس کے تحت وہ اپنے گھروں اور خاندانوں سے دور رہ کر ملک کی حفاظت اور امن کو یقینی بناتے ہیں۔
بیان میں ان بہادر مردوں اور خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جو ملک کی سرحدوں اور اندرونی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ساتھ ہی ان کے اہل خانہ کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو بھی سراہا گیا، جو اپنے پیاروں کی غیر موجودگی کے باوجود حوصلے کے ساتھ ان کا ساتھ دیتے ہیں۔
افواجِ پاکستان کی جانب سے اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ عیدالفطر کا یہ بابرکت موقع پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا، جبکہ پوری امت مسلمہ کے لیے بھی خیر و برکت کا باعث بنے گا۔















