ایران کی پاسداران انقلاب کا اسرائیل کے ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے طیارے کو نقصان پہنچنے کی تردید کردی۔
شائع 21 مارچ 2026 09:12pm

ایران کی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی مرکزی فضائی حدود میں اسرائیل کے ایف 16 لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے جب کہ اسرائیلی فوج نے طیارے کو نقصان پہنچنے کی تردید کردی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 45 منٹ پر اسرائیل کے زیرِ استعمال ایک جنگی طیارے ایف 16 فائٹنگ فیلکن کو ایران کے وسطی حصے میں نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس طیارے کو آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ یہ اسرائیل کا تیسرا امریکی ساختہ F-16 طیارہ ہے جو ایران کے فضائی دفاعی یونٹس نے نشانہ بنایا۔

ایرانی حکام کے مطابق جنگ کے ابتدائی 3 ہفتوں کے دوران 200 سے زائد دشمن فضائی اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں ڈرونز، کروز میزائل، ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور جدید لڑاکا طیارے شامل ہیں۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایران کی مسلح افواج کی فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور ملک کا دفاعی نظام اب نہ صرف اپنی فضائی حدود بلکہ خطے میں بھی مؤثر طور پر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ایک لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی حدود میں کارروائی کے دوران فضائی دفاعی نظام کی زد میں آیا تھا لیکن پائلٹ نے بروقت خطرے کو محسوس کیا جس کے باعث طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس نے طے شدہ ہدف کامیابی سے مکمل کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایک باخبر ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ میزائل کے باعث طیارے کو شدید نقصان پہنچا لیکن یہ ایرانی فضائی حدود سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا اور ابھی تک اس طیارے یا پائلٹ کی حالت کے بارے میں کوئی حتمی معلومات نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ اس ذرائع نے اسرائیلی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ بغیر نقصان کے رہا، یہ مکمل طور پر غلط ہے۔

علاوہ ازیں ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل، ایران کے طاقتور حملوں کا جواب نہ دے سکنے پر مایوس ہیں، امریکا اسرائیل خلیج میں نجی کشتیوں اور مسافر جہازوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں، بزدلانہ حملے دوبارہ کیے تو امریکا اسرائیل کو شدید جوابی کارروائی کا سامنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایران جنگ میں اب تک امریکا کے 16 جنگی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جنگ میں تباہ ہونے والے طیاروں میں 10 ریپر اسٹرائیک ڈرون طیارے بھی شامل ہیں۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایک کے سی 135 ٹینکر طیارہ ری فیولنگ آپریشن کے دوران تباہ ہوا اور اس کا 6 ارکان پر مشتمل عملہ بھی ہلاک ہو گیا، اس کے علاوہ سعودی عرب کے ہوائی اڈے پر مزید 5 کے سی 135 ری فیولنگ طیارے ایرانی میزائل کا ہدف بنے، جنہیں کافی نقصان پہنچا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو اسرائیل اور امریکا نے تہران اور دیگر ایرانی شہروں پر مشترکہ حملے کیے، جن میں ایران کے اعلیٰ حکام سمیت سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، سینئر فوجی کمانڈرز اور شہری ہلاک ہوئے۔

اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی اڈوں اور اثاثوں کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملوں کی لہر شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری عسکری کشیدگی اور ایران و اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی فضائی جھڑپوں کا حصہ ہے۔