پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کاامکان

وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیں گے
شائع 24 مارچ 2026 09:37pm
Major Fuel Price Hike Expected in Pakistan as Petrol and Diesel Rates May Rise | Breaking News

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان ہے، جس کے تحت پٹرول 55 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 75 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اپنی ورکنگ دو روز بعد پٹرولیم ڈویژن پاکستان کو ارسال کرنی ہے، جس کے بعد نئی قیمتوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں میں یہ اضافہ مرحلہ وار دو ہفتوں میں بھی کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے، جب کہ حکومت کے پاس یہ آپشن بھی موجود ہے کہ سبسڈی دے کر موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق سمری ارسال کی گئی تھی، جس میں مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا، تاہم پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ پٹرول کی قیمت میں 55 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد نئی قیمت 321 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 55 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے ہوگئی ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں موجود وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے کے اضافے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب گذشتہ ہفتے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 26 مارچ سے ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین طارق حسن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ڈیلرز کا مارجن انتہائی کم ہے جب کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات بھی کرائی جائیں۔