برازیل میں تیار کردہ پہلے سُپر سونک لڑاکا طیارے کی رونمائی

برازیل کی دفاعی میدان میں بڑی اڑان: پہلا مقامی سپرسونک جیٹ تیار۔
شائع 26 مارچ 2026 09:32am

رازیل نے دفاعی ہوا بازی کی دنیا میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے اور اپنی تاریخ میں پہلی بار ملک کے اندر تیار ہونے والا سپرسانک لڑاکا طیارہ پیش کر دیا ہے، جسے دفاعی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

برازیل کے شہر گاویاو پیکسوٹو میں بدھ کے روز ایک تقریب میں اس جدید لڑاکا طیارے کی رونمائی کی گئی۔ یہ طیارہ گریپن ماڈل کا ہے، جسے پہلی بار مکمل طور پر برازیل میں اسمبل کیا گیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ برازیل لاطینی امریکہ کا پہلا ملک بن گیا ہے جو سپرسانک لڑاکا طیارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

برازیل نے سن 2014 میں سویڈن کی دفاعی کمپنی ’صاب‘ کے ساتھ گریپن طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت برازیل نے امریکی کمپنی بوئنگ کے ایف-18 سپر ہارنیٹ اور فرانس کے رافیل طیاروں کے بجائے سویڈن کے گریپن کا انتخاب کیا۔ اس کا مقصد ملک کے پرانے ہوتے ہوئے لڑاکا طیاروں کے بیڑے کو جدید بنانا تھا۔

اس نئی کامیابی کے ساتھ برازیل اب ان چند مخصوص ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو جدید ترین جنگی طیارے بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جن میں امریکا، فرانس، روس، بھارت اور چین جیسے بڑے ممالک شامل ہیں۔

 (گریپن طیارے کی رونمائی کے بعد ایمبریئر کا ایئر موبیلیٹی طیارہ رن وے پر)
(گریپن طیارے کی رونمائی کے بعد ایمبریئر کا ایئر موبیلیٹی طیارہ رن وے پر)

سویڈن کے ساتھ ہونے والے اس دفاعی معاہدے کی خاص بات ٹیکنالوجی کی منتقلی ہے، جس کے تحت برازیل کو کُل 36 طیاروں میں سے 15 طیارے مقامی سطح پر تیار کرنے کی اجازت ملی ہے۔ سویڈش کمپنی صاب کے سربراہ میکائل یوہانسن کا کہنا ہے کہ کمپنی کی تقریباً 90 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی لڑاکا طیارہ سویڈن سے باہر تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برازیل میں قائم یہ پروڈکشن لائن مستقبل میں دیگر ممالک کو طیارے برآمد کرنے کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

اس سلسلے میں ایک اور اہم پیش رفت یہ ہے کہ ہمسایہ ملک کولمبیا نے بھی گریپن طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جس سے برازیل کے لیے برآمدی مواقع بڑھ سکتے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ برازیل کی فوجی ہوا بازی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور صلاحیت کا مظہر ہے۔ اسی کے ساتھ ایمبریئر کا تیار کردہ C-390 ملینیم کارگو طیارہ بھی یورپی ممالک میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے، جو برازیل کی فضائی صنعت کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔