پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ، اربوں ڈالر قرض کی راہ ہموار

آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ حتمی منظوری دے دیتا ہے تو پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔
شائع 28 مارچ 2026 08:44am

پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان کے لیے جاری مالی پروگرام کے لیے ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے بعد ملک کو مزید مالی مدد ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق یہ معاہدہ توسیعی فنڈ سہولت کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹینیبلٹی فیسلٹی کے دوسرے جائزے کے تحت ہوا ہے۔

اس پیش رفت کے بعد اگر آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ حتمی منظوری دے دیتا ہے تو پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔

اس کے علاوہ موسمیاتی اور پائیداری کے منصوبوں کے لیے آر ایس ایف کے تحت مزید 21 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ان دونوں پروگرامز کے تحت پاکستان کو اب تک اور آئندہ ملنے والی مجموعی رقم تقریباً چار اعشاریہ پانچ ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

یہ فنڈز پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے، زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور اصلاحاتی اقدامات کو جاری رکھنے میں مدد فراہم کریں گے۔

واضح رہے کہ اسٹاف لیول معاہدہ حتمی نہیں ہوتا بلکہ اس کے بعد آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔

منظوری کے بعد ہی پاکستان کو یہ رقم باقاعدہ طور پر جاری کی جاتی ہے۔