اسحاق ڈار غیر ملکی مہمان کے استقبال میں گر کر زخمی، کندھے میں فریکچر

پورا دن پین کلرز لے کر انتہائی اہمیت کی حامل میٹنگز مکمل کیں، علی ڈار
شائع 30 مارچ 2026 08:54am

اسلام آباد میں ایک اہم سفارتی تقریب کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار گر کر زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے تکلیف کے باوجود دن بھر کی تمام سرکاری ذمہ داریاں جاری رکھیں، جسے حکومتی حلقوں میں ذمہ داری کی اعلیٰ مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

اسحاق ڈار مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے استقبال کے دوران پھسل کر گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کے کندھے پر چوٹ آئی۔

نائب وزیر اعظم کے صاحبزادے علی ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا کہ چوٹ کے باوجود اسحاق ڈار نے پورا دن درد کش ادویات لے کر اہم سفارتی ملاقاتیں مکمل کیں۔

بیان کے مطابق، رات تقریباً 9 بجے سرکاری بیان کی ریکارڈنگ کے بعد اہل خانہ کے اصرار پر ان کا طبی معائنہ کروایا گیا، جس میں ایکس رے مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیے گئے، تاہم کندھے میں ہئیر لائن فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔

۔

علی ڈار کے مطابق آئندہ چند روز تک درد کو ادویات اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کی جانب سے موصول ہونے والی دعاؤں اور نیک تمناؤں پر شکریہ بھی ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق، واقعے کے باوجود اسحاق ڈار کی جانب سے اہم سفارتی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں، جسے حکومتی حلقوں میں ایک مثبت اور ذمہ دارانہ طرز عمل قرار دیا جا رہا ہے۔