اسرائیل کا ایران کی قدس فورس کے آپریشنز کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران میں ایک فضائی حملے کے دوران ایران کی قدس فورس کے اسپیشل آپریشنز یونٹ کے کمانڈر کو شہید کر دیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب، ایرانی فوج اور بسیج ملیشیا کے کئی اعلیٰ عہدیدار اسرائیلی حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔
سی این این کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ روز تہران میں کارروائی کرتے ہوئے قدس فورس کے اسپیشل آپریشنز یونٹ 840 کے کمانڈر اصغر باقری کو نشانہ بنایا جو 2019 سے اس عہدے پر فائز تھے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اصغر باقری دنیا بھر میں اسرائیلی اور امریکی شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق قدس فورس ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی وہ شاخ ہے جو بیرونِ ملک کارروائیوں کی ذمہ دار ہے۔
اصغر باقری کی شہادت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایران کے ایک اور اعلیٰ سیکیورٹی افسر بھی مارے گئے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل مجید خادمی پیر کی صبح ایک حملے میں شہید ہوئے۔
میجر جنرل مجید خادمی کو جون 2025 میں پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلیجنس ونگ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، جب ان کے پیش رو جنرل محمد کاظمی ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے تھے۔
اس سے قبل جنرل ماجد خادمی وزارتِ دفاع میں انٹیلی جنس پروٹیکشن آرگنائزیشن کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اسرائیل کے وزیر دفاع نے ایک بیان میں مجید خادمی کی شہادت کا اعلان کیا تھا۔












