ایرانی حملے سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں: دفتر خارجہ

پاکستان کی سعودی عرب پر ایرانی میزائل و ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار
اپ ڈیٹ 07 اپريل 2026 06:10pm

پاکستان نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حملے سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں۔

دفترخارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کے مطابق حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی تنصیبات پر ایران کی جانب سے گزشتہ رات کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس واقعے کی سخت اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے، ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر سوگ کا اظہار کرتا ہے اور اہم انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے،  پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسے سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتا ہے یہ حملے خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرناک ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے سعودی عرب کے الجبیل انڈسٹریل سٹی میں  پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پرحملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ حملے ایران کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس حملوں کے جواب میں کیےگئے، حملے میں  سعودی سرزمین پر 2  امریکی کمپنیوں کے حساس پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔

دفتر خارجہ کی اسرائیلی فورسز کی مسجد الاقصیٰ پر حملے کی مذمت

دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے قابض اسرائیلی فورسز کی مسجد الاقصیٰ پر دھاوا بولنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے مسجد اقصیٰ (الحرام الشریف) پر حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ قابل مذمت فعل مقدس مقام کے تقدس اور تاریخی کردار پر براہ راست حملہ ہے، یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی قائم کردہ مذہبی، تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے یا اسے نقصان پہنچانے کی دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسی اشتعال انگیزیوں کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ پاکستان فلسطینی عوام کے منصفانہ مقصد کے لیے اپنی غیر متزلزل اور اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔