ہم ایک پوری قوم کو ختم نہیں کرسکتے: ماجوری ٹیلر کا ٹرمپ کی دھمکی پر رد عمل

کسی بھی قوم کی مکمل بربادی کا تصور انتہائی خطرناک ہے: امریکی قانون دان
شائع 07 اپريل 2026 08:03pm

امریکی قانون دان ماجوری ٹیلر گرین­ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی تہذیب مٹانے کی دھمکی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک پوری قوم کو ختم نہیں کرسکتے، یہ سوچ شیطانی اور پاگل پن ہے، ایران نے امریکا پر ایک بم نہیں گرایا۔

امریکی قانون دان ماجوری ٹیلر گرین کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب صدر ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ آبنائے ہرمز کو نہ کھولا گیا تو آج رات تک پوری تہذیب کو صفحہ ہستی سے مٹادیں گے جو دوبارہ پھر کبھی نہ اُٹھ پائے گی۔

ماجوری ٹیلر گرین نے کہا کہ ”ایران نے امریکا پر ایک بم نہیں گرایا لہٰذا ایک پوری قوم کو ختم کرنا ناقابل قبول ہے۔ یہ سوچ شیطانی اور پاگل پن کی مثال ہے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے تناظر میں ایسی دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں اور کسی بھی قوم کی مکمل بربادی کا تصور انتہائی خطرناک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں میڈیا کو بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت اور دھمکی آمیز بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو ایک رات میں ہی ختم کیا جا سکتا ہے اور وہ رات منگل کی رات بھی ہوسکتی ہے۔