مردوں کو گنج پن سے بچانے کا دعویٰ کرنے والی گولیاں

یہ سائنسی طور پر ثابت شدہ طریقوں میں سے ایک ہے۔
شائع 08 اپريل 2026 09:36am

بالوں کا جھڑنا اور گنج پن مردوں کے لیے ہمیشہ سے ایک پریشان کن مسئلہ رہا ہے، چاہے یہ موروثی ہو، ماحولیاتی اثرات کی وجہ سے ہو یا کسی اور طبی سبب کے باعث۔ جہاں مارکیٹ میں کئی طرح کے تیل اور لوشن دستیاب ہیں، وہیں فناسٹرائڈ (Finasteride) نامی گولی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جسے طبی حلقوں میں ایک مستند علاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی ادارے ’ایف ڈی اے‘ سے 1997 میں منظور شدہ یہ دوا نہ صرف بالوں کے گرنے کی رفتار کو سست کرتی ہے بلکہ کچھ کیسز میں ان کی دوبارہ نشوونما میں بھی مدد دیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس دوا کو بنیادی طور پر دو مسائل کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، مردانہ طرز کے گنج پن اور پروسٹیٹ کے بڑھنے کی بیماری۔ کم مقدار (1 ملی گرام) میں یہ بالوں کے جھڑنے کے لیے جبکہ زیادہ مقدار (5 ملی گرام) میں دیگر طبی مسائل کے لیے دی جاتی ہے۔

یہ دوا جسم میں موجود ایک اہم ہارمون ڈائی ہائیڈرو ٹیسٹوسٹیرون (ڈی ایچ ٹی) کو کم کرنے کا کام کرتی ہے، جو بالوں کی جڑوں کو کمزور کر کے گنج پن کا باعث بنتا ہے۔ فناسٹرائڈ اس ہارمون کی پیداوار کو روک کر بالوں کو مزید نقصان سے بچاتی ہے۔

طبی تحقیق کے مطابق اس دوا کے استعمال سے جسم میں ڈی ایچ ٹی کی سطح تقریباً 70 فیصد تک کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں بالوں کی جڑوں کو پہنچنے والا نقصان رک جاتا ہے اور گرتے بال دوبارہ اگنا شروع ہو سکتے ہیں۔

تاہم ماہرین واضح کرتے ہیں کہ اس کے اثرات اسی وقت تک برقرار رہتے ہیں جب تک دوا کا استعمال جاری رکھا جائے۔ دوا چھوڑتے ہی بال دوبارہ گرنا شروع ہو سکتے ہیں۔

سائیڈ ایفیکٹس کی بات کی جائے تو زیادہ تر افراد اسے برداشت کر لیتے ہیں، مگر کچھ لوگوں میں جنسی کمزوری، خواہش میں کمی اور دیگر مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔

اگرچہ دوا چھوڑنے کے بعد اکثر یہ علامات ختم ہو جاتی ہیں ، لیکن احتیط کے طور پراس دوا کا استعمال ہمیشہ ڈاکٹر کے مشورے سے ہی کرنا چاہیے۔ خاص طور پر حاملہ خواتین کو اس کے استعمال سے سختی سے منع کیا گیا ہے کیونکہ یہ جنین کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فناسٹرائڈ کوئی جادوئی حل نہیں، لیکن گنج پن کے خلاف دستیاب چند سائنسی طور پر ثابت شدہ طریقوں میں سے ایک ضرور ہے۔ بشرطیکہ اسے مستقل مزاجی اور طبی نگرانی کے ساتھ استعمال کیا جائے۔