بھارتی کرکٹ بورڈ کا بڑا دھماکا: چلتے آئی پی ایل کے بیچ نیا قانون متعارف

نئے قوانین کے تحت اضافی کھلاڑیوں کو میدان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی
شائع 09 اپريل 2026 09:57am

بھارتی کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائزز کو آگاہ کیا ہے کہ میچ کے دوران بینچ پر موجود کھلاڑیوں کی گراؤنڈ میں نقل و حرکت پر سخت پابندی ہوگی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے قوانین کے تحت اضافی کھلاڑیوں کو میدان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جب تک کہ ان کا نام 16 رکنی ٹیم شیٹ میں شامل نہ ہو۔

میچ پلیئنگ کنڈیشنز میں کی گئی ان تبدیلیوں کی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی، تاہم کرک بز کی رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل گورننگ کونسل نے فرنچائزز کو ہدایت دی ہے کہ 16 رکنی اسکواڈ میں شامل نہ ہونے والے متبادل کھلاڑی میدان میں ڈرنکس، بیٹس یا پیغامات لے کر داخل نہیں ہو سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق فرنچائزز کو حال ہی میں ہدایات موصول ہوئی ہیں کہ تمام سبسٹیٹیوٹ کھلاڑی میچ کے دوران گراؤنڈ میں آزادانہ نقل و حرکت نہیں کر سکیں گے اور انہیں ڈرنکس لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف وہی 16 کھلاڑی جو میچ کے لیے نامزد کیے گئے ہیں، اس کی اجازت رکھتے ہوں گے۔

اس کے علاوہ پلیئنگ الیون کے باہر موجود کھلاڑیوں میں سے صرف پانچ کو گراؤنڈ کے اطراف حرکت کی اجازت ہوگی، جبکہ دیگر کھلاڑی ڈگ آؤٹ میں بیٹھ سکتے ہیں لیکن باؤنڈری لائن اور ایل ای ڈی اشتہاری بورڈز کے درمیان آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ نئی ہدایات پہلے سے موجود شقوں 11.5.2 اور 24.1.4 میں اضافے کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

شق 11.5.2 کے مطابق کسی کھلاڑی کو ڈرنکس باؤنڈری لائن پر یا وکٹ گرنے کے وقفے کے دوران دی جا سکتی ہیں، بشرطیکہ کھیل کا وقت ضائع نہ ہو۔

امپائرز کی اجازت کے بغیر میدان میں ڈرنکس لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اور جو کھلاڑی ڈرنکس لے کر آئیں گے انہیں مکمل کرکٹ کٹ (بِب سمیت) پہننا ہوگا۔

شق 24.1.4 کے تحت وہ اسکواڈ ممبران جو میچ کا حصہ نہیں ہیں اور سبسٹیٹیوٹ فیلڈر کے طور پر کام نہیں کر رہے، انہیں گراؤنڈ میں موجودگی کے دوران ٹیم کی ٹریننگ بِب پہننا لازمی ہوگا، جس میں باؤنڈری اور اس کے اطراف کا علاقہ بھی شامل ہے۔