صدر پیوٹن کا ایرانی صدر کو فون، مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے ثالثی کی پیشکش

ایرانی صدر نے روس کی جانب سے تعاون اور امداد فراہمی پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔
شائع 12 اپريل 2026 05:42pm

روسی میڈیا کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی صدر نے مشرق وسطیٰ میں امن اور جنگ کے خاتمے کے لیے تعاون کی بھی پیشکش کی ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورت حال اور اسلام آباد میں امریکا-ایران مذاکرات پر بات چیت کی۔

ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور معاملات کے پُر امن حل کا خواہاں ہے اور سہولت کاری کے لیے بھی تیار ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے روس کے اصولی موقف کو سراہا۔

انہوں نے اس کٹھن وقت میں ایرانی عوام کے لیے فراہم کی جانے والی روسی انسانی امداد پر صدر پیوٹن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے روس اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایرانی صدر نے ولادیمیر پیوٹن اور روس میں مقیم تمام آرتھوڈوکس مسیحیوں کو ایسٹر کے تہوار پر مبارکباد بھی پیش کی۔