چین ایران کو فضائی دفاعی نظام فراہم کرے گا: امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ
امریکی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ چین آئندہ چند ہفتوں میں ایران کو نئے فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ترکیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق یہ دعویٰ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے جمعہ کی رات اپنی رپورٹ میں تین ایسے افراد کے حوالے سے کیا ہے جو تازہ انٹیلی جنس جائزوں سے واقف ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایسے اشارے موجود ہیں کہ بیجنگ ان ہتھیاروں کی ترسیل کو تیسرے ممالک کے ذریعے انجام دینے پر غور کر رہا ہے تاکہ ان کی اصل منزل اور ماخذ کو چھپایا جا سکے۔
سی این این نے مزید دعویٰ کیا کہ چین ایران کو کندھے پر رکھ کر فائر کیے جانے والے اینٹی ایئر میزائل سسٹمز، جنہیں MANPADS کہا جاتا ہے، فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ، وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں موجود چینی سفارت خانے نے اس معاملے پر رائٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے ہفتے کی دوپہر کو وائٹ ہاؤس سے میامی روانہ ہوتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کی تھی جب ان سے سوال کیا گیا کہ چین ایران کو ہتھیار فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا اگر چین ایسا کرتا ہے تو اسے بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔














