حزب اللہ کا لبنان حکومت سے اسرائیل کے ساتھ مجوزہ مذاکرات مسترد کرنے کا مطالبہ

لبنانی حکومت مذاکرات سے جنگ بندی کی امید ظاہر کر رہی ہے۔
شائع 13 اپريل 2026 11:59pm

حزب اللہ کے سربراہ نے لبنان حکومت سے اسرائیل کے ساتھ مجوزہ مذاکرات مسترد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں بے فائدہ قرار دیا ہے، جب کہ لبنانی حکومت مذاکرات سے جنگ بندی کی امید ظاہر کر رہی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان مجوزہ مذاکرات کو بے سود قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہونے والے مجوزہ مذاکرات کو مسترد کر دے۔

نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات قابل قبول نہیں اور ایسے فیصلے کے لیے لبنان کے اندر مکمل اتفاق رائے ضروری ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل کا اصل مقصد ان مذاکرات کے ذریعے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے واضح کیا کہ کوئی بھی فریق لبنانی عوام کی جانب سے اس طرح کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا اور تنظیم اپنے مؤقف پر قائم رہے گی۔

خیال رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے نمائندوں کے درمیان واشنگٹن میں مذاکرات متوقع ہیں، جن کے حوالے سے لبنانی صدر نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہو سکتی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کے باعث ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ جنوبی علاقوں میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے لبنان میں طبی عملے کو نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر اس حملے کے بعد جس میں ایک ریڈ کراس مرکز کو نقصان پہنچا اور ایک شخص ہلاک ہوا۔

لبنان کے سرکاری ذرائع کے مطابق جنوبی شہر صور میں ہونے والے حملے میں ریڈ کراس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا ہے۔

ریڈ کراس حکام کا کہنا ہے کہ جو لوگ دوسروں کی جان بچانے کے لیے کام کرتے ہیں، ان کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک ہے اور اس کا براہ راست اثر ان شہریوں پر پڑتا ہے جو ان پر انحصار کرتے ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ایک مخصوص ہدف کو نشانہ بنایا تھا اور وہ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس کارروائی سے ریڈ کراس کے مرکز کو نقصان پہنچا یا نہیں۔ ایک روز قبل بھی جنوبی لبنان میں ایک حملے کے نتیجے میں ریڈ کراس کا ایک رضاکار زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گیا تھا۔