آنجہانی آشا بھوسلے نے اپنے پیچھے کتنی دولت چھوڑی؟
بھارتی موسیقی کی نامور گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، ان کی وفات کے ساتھ ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا، تاہم وہ اپنے پیچھے نہ صرف لازوال گیت بلکہ اربوں روپے کے مالی اثاثے بھی چھوڑ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آشا بھوسلے کی مجموعی دولت کا تخمینہ 200 سے 250 کروڑ روپے کے درمیان لگایا گیا ہے۔ ان کی آمدنی کا بڑا ذریعہ کئی دہائیوں پر محیط موسیقی کا شاندار کیریئر تھا، جس میں انہوں نے مختلف زبانوں میں ہزاروں گانے ریکارڈ کیے۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک ایسے دور میں کیا جب پلے بیک سنگرز کو رائلٹی نہیں دی جاتی تھی، تاہم اس کے باوجود ان کی مسلسل محنت اور مقبولیت نے انہیں مالی طور پر مستحکم بنایا۔
گلوکاری کے علاوہ آشا بھوسلے نے کاروباری میدان میں بھی قدم رکھا اور ’آشاز‘ کے نام سے ایک بین الاقوامی ریسٹورنٹ چین قائم کی، جس کا آغاز 2002 میں دبئی سے ہوا اور بعد ازاں یہ برطانیہ، کویت، بحرین اور دیگر ممالک تک پھیل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے پاس 80 سے 100 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں بھی موجود تھیں، جن میں ممبئی اور پونے میں قیمتی رہائشی پراپرٹیز شامل تھیں۔
آشا بھوسلے آخری عمر تک عالمی سطح پر متحرک رہیں اور دبئی، امریکا، کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں لائیو پرفارمنسز کرتی رہیں۔
















