آبنائے ہرمز پر امریکی ناکہ بندی، روس کا چین کی تمام توانائی ضروریات پوری کرنے کا اعلان
روس نے ایران پر جاری امریکی ناکہ بندی کے تناظر میں چین کو توانائی کی کمی پوری کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وسائل کی قلت کا ازالہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو چین میں پیدا ہونے والی توانائی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’روس بلا شبہ وسائل کی اس کمی کو پورا کر سکتا ہے جو پیدا ہوئی ہے، نہ صرف عوامی جمہوریہ چین بلکہ ان تمام ممالک کے لیے بھی جو ہمارے ساتھ منصفانہ اور باہمی فائدے کی بنیاد پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ِ‘
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور چین کے تعلقات’ہر قسم کے طوفان کے باوجود مضبوط‘ ہیں، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوتن اور شی جن پنگ کے درمیان قریبی روابط دونوں ممالک کو عالمی جھٹکوں کے مقابلے میں مضبوطی فراہم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ چین ایران کے تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے، جبکہ امریکا نے جاری ناکہ بندی کے دوران یہ عزم ظاہر کیا ہے کہ بیجنگ کو ایرانی تیل خریدنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔













