معروف بھارتی اداکارہ کے شوہر پر فراڈ کا الزام

کیا مونی رائے کو دھوکہ دیا گیا؟
شائع 13 مئ 2026 11:52am

بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ مونی رائے اور ان کے شوہر بزنس مین سُراج نمبیار کے تعلقات کے بارے میں تازہ اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سُراج پر مونی کے پیسے استعمال کرنے اور انہیں شہرت کے لیے دھوکہ دینے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ تاہم، ابھی تک ان دعووں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی مونی یا سُراج نے اس بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری کیا ہے۔

مونی رائےکی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کررہی ہیں۔ ان افواہوں کو اس وقت تقویت ملی جب مداحوں نے غور کیا کہ دونوں نے انسٹاگرام پرایک دوسرے کو ان فالو کر دیا ہے اور اپنی پروفائلز سے شادی کی کچھ تصاویر بھی ہٹا دی ہیں۔

اگرچہ مونی رائے کے اکاؤنٹ پر اب بھی سورج کے ساتھ چند تصاویر موجود ہیں، لیکن سورج نمبیار نے اپنی شادی سے متعلق پوسٹس حذف کر دی ہیں اور حال ہی میں اپنا اکاؤنٹ بھی پرائیویٹ کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، مونی کی سب سے اچھی دوست، اداکارہ دِشا پٹانی نے بھی سُراج کے اکاؤنٹ کے ڈی ایکٹیویٹ ہونے سے پہلے انہیں انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا تھا۔

سوشل میڈیا ویب سائٹس پر ان کے اکاؤنٹس کے اسکرین شاٹس گردش کر رہے ہیں جن کی بنیاد پر مداح جوڑے کے درمیان ممکنہ علیحدگی کے بارے میں چہ مگوئیاں کر رہے ہیں۔

اے بی پی نیوز کے مطابق یہ جوڑا گزشتہ چند ہفتوں سے الگ رہ رہا ہے اور سورج نمبیار اپنے مشترکہ گھر سے باہر منتقل ہو چکے ہیں۔

بعض رپورٹس میں یہاں تک کہا گیا ہے کہ ان کی طلاق پہلے ہی ہو چکی ہے، تاہم ابھی تک مونی رائے یا سورج نمبیار کی جانب سے ان الزامات یا طلاق کی خبروں کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔ دونوں نے تاحال اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

مونی رائے اور سورج نمبیار جنوری 2022 میں گوا کے مقام پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، جہاں ملیالی اور بنگالی روایات کے مطابق شادی کی تقریبات منعقد ہوئی تھیں۔

ان دونوں کی پہلی ملاقات 2019 میں دبئی میں نئے سال کی تقریبات کے دوران مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوئی تھی جس کے بعد ان کے درمیان دوستی اور محبت کا آغاز ہوا۔

یہ جوڑا سوشل میڈیا پر اپنی سفری تصاویر اور نجی زندگی کی جھلکیاں شیئر کرنے کی وجہ سے انٹرنیٹ پر کافی مقبول رہا ہے، لیکن اب اچانک سامنے آنے والی ان خبروں نے ان کے مداحوں کو شدید حیرت اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔