کراچی میں کون سا آٹا کتنے میں ملے گا؟ کمشنر کراچی نے نئی قیمتیں مقرر کردیں

نوٹیفکیشن میں بعض اقسام کے آٹے کی قیمتوں میں کمی جب کہ بعض میں اضافہ کیا گیا ہے۔
شائع 13 مئ 2026 08:53pm

کراچی میں مہنگائی سے پریشان شہریوں کے لیے ایک اور بُری خبر ہے کہ شہر میں آٹے کی قیمتوں کا نیا سرکاری نرخ نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے تین ماہ بعد جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بعض اقسام کے آٹے کی قیمتوں میں کمی جب کہ بعض میں اضافہ کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو مختلف سطح پر ریلیف اور مہنگائی دونوں کا سامنا ہے۔

بدھ کے روز کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمت کا تعین کرتے ہوئے پورے تین ماہ بعد آٹے کی قیمتوں کی نئی فہرست کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا کہ کراچی میں آٹے کی سرکاری قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈھائی نمبر ریگولر آٹے کی ہول سیل اور ریٹیل دونوں سطح پر فی کلو قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈھائی نمبر ریگولر آٹے کی قیمت 105 روپے سے بڑھ کر 110 روپے فی کلو جب کہ ریٹیل قیمت 107 روپے سے بڑھ کر 113 روپے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔

دوسری جانب فائن آٹے کی فی کلو قیمت میں عوام کو 11 روپے کا بڑا ریلیف دیا گیا ہے، جس کی ہول سیل قیمت 129 روپے سے کم ہو کر 118 روپے فی کلو جب کہ ریٹیل قیمت 132 روپے سے کم ہو کر 121 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔

اسی طرح چکی کے آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، چکی کے آٹے کی قیمت 140 روپے سے بڑھ کر 145 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

کمشنر کراچی کے مطابق یہ نیا نرخ نامہ 3 ماہ بعد جاری کیا گیا ہے جس میں مختلف اقسام کے آٹے کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔