سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی، فی تولہ قیمت کیا ہوگی؟
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر امریکی ڈالر کی مضبوطی اور ٹریژری ییلڈز میں اضافے کے باعث سونے کی طلب متاثر ہوئی، جبکہ پاکستان میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی دیکھنے میں آئی۔
بدھ کے روز عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی اور بانڈ ییلڈز میں اضافے نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے سے جڑی مثبت توقعات کو پس منظر میں دھکیل دیا۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 467 اعشاریہ 59 ڈالر فی اونس تک آگئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.9 فیصد کمی کے ساتھ 4 ہزار 471 اعشاریہ 10 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ سیشن میں سونا 30 مارچ کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند شرح سود اور مضبوط امریکی ڈالر کے باعث سرمایہ کار سونے کے بجائے زیادہ منافع دینے والے اثاثوں کی طرف جا رہے ہیں۔ ڈالر اس وقت چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر موجود ہے، جس کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کیلئے سونا مزید مہنگا ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 6 ہزار 800 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 70 ہزار 362 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 830 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 3 ہزار 269 روپے پر آگئی۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 68 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 480 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔

















