عیدی مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف 'بھیک' مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوگا: ڈی آئی جی

عوام سے پیسے مانگ کر محکمہ پولیس کی ساکھ خراب کرنے والوں کی فورس میں کوئی جگہ نہیں
شائع 23 مئ 2026 03:51pm

لاہور میں عیدی کے نام پر شہریوں سے پیسے مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ پولیس کا نام بدنام کرنے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق شاہدرہ اور اسلام پورہ کے علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے رقم مانگنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او اسلام پورہ کو انکوائری کا حکم دیا۔

انکوائری میں شکایات درست ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف تھانہ شاہدرہ اور تھانہ اسلام پورہ میں مقدمات درج کر لیے گئے۔ پولیس اہلکاروں پر دفعہ 155-C اور گداگری ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ عوام سے پیسے مانگ کر محکمہ پولیس کی ساکھ خراب کرنے والوں کی فورس میں کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے فیلڈ افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت اہلکاروں کو کسی بھی غیر قانونی عمل سے باز رکھیں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور قانون کے مطابق رویہ اختیار کیا جائے۔