پام وسٹا کیس: ڈیڑھ ارب کا فراڈ کرنے والا مفرور ملزم ابوظہبی سے گرفتار
قومی احتساب بیورو لاہور نے دبئی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے ہاؤسنگ فراڈ کیس کے مرکزی اور مفرور ملزم محمد قاسم خان کو ابوظہبی سے گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کو انٹرپول اور پاکستانی حکام کی مشترکہ کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔
نیب ترجمان کے مطابق محمد قاسم خان پام ویسٹا ہاؤسنگ اسکینڈل کا مرکزی ملزم ہے، جس کے خلاف طویل عرصے سے تحقیقات جاری تھیں۔ ملزم پر جعلی پلاٹس اور دھوکا دہی کے ذریعے شہریوں سے اربوں روپے بٹورنے کا الزام ہے جبکہ کیس میں اب تک 295 متاثرین کے ساتھ فراڈ کا انکشاف ہوچکا ہے۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری نیب آرڈیننس 1999 کے تحت جاری کیے گئے ریڈ نوٹس کی بنیاد پر عمل میں آئی۔ انٹرپول ابوظہبی نے ملزم کی گرفتاری سے متعلق پاکستانی حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ملزم کی پاکستان حوالگی کے لیے قانونی دستاویزات طلب کرلی ہیں، جس کے بعد نیب لاہور نے حوالگی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے انگریزی اور عربی زبان میں قانونی تیاری شروع کردی ہے۔
نیب حکام کے مطابق پام ویسٹا اسکینڈل میں ملوث دو ڈائریکٹرز کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ مرکزی ملزم محمد قاسم خان طویل عرصے سے بیرونِ ملک مفرور تھا۔
نیب لاہور کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جعلی ہاؤسنگ منصوبے اور فرضی پلاٹس کے ذریعے شہریوں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، جبکہ متاثرین سے رقوم وصول کرنے کے بعد منصوبے پر عملی کام نہیں کیا گیا۔
ادارے نے متاثرہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور رقوم کی واپسی کے لیے کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم نے 295 معصوم متاثرین سے 1.4 ارب روپے سے زائد کا ہولناک فراڈ کیا تھا۔ پام ویسٹا ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس لاہور کے بڑے رئیل اسٹیٹ اسکینڈلز میں شمار ہوتا ہے، جس میں انتظامیہ پر شہریوں سے ایک ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ دھوکا دہی کا الزام ہے۔
ملزمان نے سینکڑوں ایکڑ اراضی کے جعلی رہائشی فائلیں اور پلاٹس فروخت کیے تھے، جبکہ قانونی طور پر ان کے پاس صرف 206 کنال زمین کی منظوری موجود تھی۔
متاثرین کو پلاٹس اور رقوم کی واپسی کے وعدے بھی کیے گئے تھے، تاہم بعد ازاں دیے گئے چیکس بھی باؤنس ہوگئے تھے۔ مرکزی ملزم محمد قاسم خان گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرونِ ملک فرار ہوگیا تھا۔













