مودی کی پاکستان کو تنہا کرنے کی دس سالہ مہم ناکام

پاکستان عالمی طاقتوں کا محور بن گیا، بھارتی حکمتِ عملی الٹا اپنے لیے ہی نقصان دہ ثابت!
شائع 30 مئ 2026 11:08am

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی دس سالہ مہم ناکام ثابت ہوئی ہے۔

الجزیرہ کی ایک خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نریندر مودی نے سنہ 2016 میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہا کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، لیکن آج کی حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے اپنی بہترین حکمتِ عملی سے نہ صرف اس دباؤ کا مقابلہ کیا بلکہ آج وہ واشنگٹن، بیجنگ، تہران اور ریاض جیسی بڑی عالمی طاقتوں اور دارالحکومتوں کے ساتھ مضبوط رابطے میں ہے۔

الجزیرہ کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی یہ حکمتِ عملی الٹا بھارت کے لیے ہی نقصان دہ ثابت ہوئی ہے اور پاکستان آج خطے میں اثر انداز ہونے والا ایک انتہائی اہم فریق بن کر ابھرا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سنہ 2025 میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے بیانیے کی جنگ اپنے نام کی، کیونکہ دنیا نے پہلگام کے واقعے پر بھارتی الزامات کو بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

اس کشیدگی کو ختم کرانے اور جنگ بندی کے معاملے پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوئے، جس نے واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات میں دراڑ ڈال دی۔

صدر ٹرمپ نے تیس سے زائد مرتبہ پاک بھارت جنگ بندی کا کریڈٹ لیا، جبکہ نئی دہلی مسلسل اس دعوے کی تردید کرتا رہا۔

اس کے علاوہ، جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھارت کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پر مسلسل تنقید کی جاتی رہی، لیکن اس کے برعکس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک غیر معمولی شخصیت قرار دے کر ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ میں خطے کی نئی جیو پولیٹیکل حقیقتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی ناقابلِ شکست شراکت داری اب خطے میں ایک مضبوط سچائی بن چکی ہے۔

اس کے ساتھ ہی، پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں آنے والی نمایاں بہتری کو بھارت کی علاقائی سفارت کاری کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف، پاکستان خلیجی ممالک کے لیے ایک ابھرتے ہوئے سکیورٹی پارٹنر کے طور پر سامنے آ رہا ہے، اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون نے خطے میں نئی صف بندیوں کو جنم دیا ہے۔

ان تمام کامیابیوں کے باعث پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور اس کی فضائی طاقت میں عالمی برادری کی دلچسپی میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹ کے آخری حصے میں بھارت کی اندرونی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کی مسلم مخالف پالیسیوں نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی، مساجد کی مسماری اور دیگر امتیازی اقدامات پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اس کے مقابلے میں، پاکستان نے اپنی قیمتی معدنیات، بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع اور فعال سفارت کاری کے ذریعے امریکی پالیسی سازوں کی توجہ کامیابی سے اپنی طرف مبذول کروا لی ہے۔

ماہرینِ خارجہ امور کے مطابق، پاکستان آج دنیا کے ان گنے چنے ممالک میں شامل ہے جو بیک وقت امریکا، چین، ایران اور سعودی عرب جیسے متضاد مفادات رکھنے والے ممالک کے ساتھ اپنے مؤثر اور متوازن تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے، جو اس کی سفارتی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔