امریکا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 11 اسکائی ڈائیورز اور پائلٹ ہلاک

طیارہ اسکائی ڈائیونگ کے لیے لوگوں کو لے جا رہا تھا اور حادثے کے بعد آگ لگ گئی، امریکی حکام
شائع 14 جون 2026 11:47pm

امریکی ریاست میسوری میں کینساس سٹی کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 11 اسکائی ڈائیورز اور پائلٹ سمیت تمام 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق طیارہ اسکائی ڈائیونگ کے لیے لوگوں کو لے جا رہا تھا اور حادثے کے بعد آگ لگ گئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میسوری اسٹیٹ ہائی وے پیٹرول نے بتایا کہ امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، طیارہ امریکی ریاست مسوری میں گرکر تباہ ہوا، طیارہ ٹیک آف کے بعد اچانک واپس پلٹا اور پھر گر گیا۔

حکام کے مطابق یہ حادثہ بٹلر میموریل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، جو کینساس سٹی سے تقریباً 60 میل جنوب میں واقع ہے۔ طیارے میں 11 اسکائی ڈائیورز اور ایک پائلٹ سوار تھا، جو موقع پر ہلاک ہوگئے ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد طیارہ شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔

میسوری ہائی وے پیٹرول کے سارجنٹ جسٹن ایونگ نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع ملی کہ ایک طیارہ گر گیا ہے اور اس میں آگ لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیارہ ایئرپورٹ کے ساتھ واقع ایک کھیت میں جا گرا جب کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی سڑک کو بند کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ ادارے کے ترجمان کے مطابق واقعے سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

حادثے کے بعد بٹلر پولیس ڈیپارٹمنٹ، بیٹس کاؤنٹی شیرف آفس اور دیگر امدادی ادارے موقع پر موجود رہے۔