لبنان کے ضلع نبطیہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے، 15 افراد جاں بحق
لبنان کے جنوبی علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 15 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ رات بھر کیے گئے حملوں کا ہدف حزب اللہ کے ٹھکانے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے نے بتایا ہے کہ جمعے کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جان سے گئے۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ رات بھر جاری رہنے والی کارروائیاں مختلف علاقوں میں موجود ان اہداف کے خلاف کی گئیں جنہیں اس نے حزب اللہ سے منسلک قرار دیا۔
مقامی رہائشیوں اور میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں اور گولہ باری نے ضلع نبطیہ کے متعدد قصبوں کو رات بھر اور جمعے کی صبح تک نشانہ بنایا۔ لبنانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران یہ بمباری کی شدید ترین کارروائیوں میں سے ایک تھی۔
اُدھر اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے مختلف مقامات پر حزب اللہ کے جنگجوؤں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئیں۔
یہ کشیدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنے توسیع شدہ فوجی کنٹرول زون کا نقشہ جاری کیا تھا۔
اسرائیل نے عندیہ دیا تھا کہ اس علاقے سے باہر بھی حملوں کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، جس کے بعد بدھ کے روز امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے عبوری امن معاہدے کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
اس معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر لڑائی کے خاتمے اور تمام فریقین کی جانب سے لبنان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں اپنی فوج کی موجودگی برقرار رکھنے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ سخت مذاکرات کر رہا ہے۔
اسرائیل حزب اللہ کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں جنوبی لبنان کے اندر تقریباً 10 کلومیٹر (6.2 میل) تک فوجی تعیناتی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان سے اپنی افواج کے انخلا کے مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان حملوں میں بعض اوقات بارودی ڈرونز بھی استعمال کیے گئے ہیں، جن کے نتیجے میں رواں ہفتے اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں۔













