ٹرمپ کا نیا صدارتی طیارہ 'ایئرفورس ون'
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوائنٹ بیس اینڈریوز کے ہینگر میں اپنے نئے صدارتی طیارے ’ایئرفورس ون - بوئنگ 747 -8‘ کی نمائش کی ہے۔ جس کی مخصوص ٹیل نمبرنگ 25-3300 ہے اور یہ ایک عام ہوائی جہاز کے بجائے فضا میں اڑتا ہوا انتہائی محفوظ صدارتی کمانڈ سینٹر ہے۔ قطر کے اس سابقہ وی آئی پی جہاز کو امریکی صدارتی معیار اور سخت سیکیورٹی کے مطابق تبدیل کر کے جدید ترین اور لگژری سہولیات سے بھرپور ایک شاندار ”فلائنگ وائٹ ہاؤس“ بنا دیا گیا ہے۔ یہ جدید ترین طیارہ ہائی ٹیک اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم، انکرپٹڈ مواصلاتی نظام، اور الیکٹرومیگنیٹک پلس سے بچاؤ کی ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جبکہ ہوا میں ہی ری فیولنگ کی صلاحیت کی وجہ سے یہ لامحدود وقت تک فضا میں پرواز برقرار رکھ سکتا ہے۔ اس غیر معمولی جہاز کے اندر صدر کے لیے ایک مکمل رہائشی سویٹ، کانفرنس روم، اور ایک آپریشن تھیٹر کی سہولت سے لیس میڈیکل سویٹ بھی موجود ہے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہترین طبی امداد فراہم کر سکتا ہے۔













