فلپائن: اسکول میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک، نویں جماعت کا طالب علم گرفتار

پولیس کے مطابق حملے کی اصل وجہ بھی ابھی واضح نہیں ہو سکی
شائع 22 جون 2026 10:31am

فلپائن میں پیر کے روز ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ شہر تاکلوبان کے سان ہوزے نیشنل ہائی اسکول میں پیش آیا ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ترک خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق فلپائن کی پولیس نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں مبینہ طور پر دو افراد ملوث تھے۔ جن میں سے ایک مبینہ طور پر اسکول ہی کا 15 سالہ نویں جماعت کا طالب علم ہے جسے واقعے کے فوراً بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ دوسرا مشتبہ شخص اب بھی فرار ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے کیونکہ تفتیش جاری ہے اور واقعے کی مکمل صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق حملے کی اصل وجہ بھی ابھی واضح نہیں ہو سکی۔

حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ متاثرین اور ملزمان کے درمیان تعلق کے بارے میں بھی فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ اس پہلو کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس نے دوسرے مشتبہ شخص کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ اسے جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے اور واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔