پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس جمع کرانے کا نظام ختم، کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی ہوگی

دفاتر میں رش کم کرنے کے لیے جدید سہولیات متعارف کرانے کا فیصلہ
شائع 22 جون 2026 03:13pm

حکومت نے پاسپورٹ خدمات کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ فیس کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل طریقے سے کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جا سکے گی۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کی بہتری اور شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم کے ذریعے فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ شہری پاسپورٹ فیس کی ادائیگی صرف کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل نظام کے تحت کریں گے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مالیاتی لین دین کو مزید شفاف بنانا اور پاسپورٹ دفاتر میں فیس جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

اجلاس میں پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے رش کو کم کرنے اور خدمات کی رفتار بہتر بنانے کے لیے جدید سہولیات متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاسپورٹ دفاتر کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ کا نظام نافذ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ پاسپورٹ کے اجرا کے عمل میں بھی مزید بہتری آئے گی۔