ٹنڈو محمد خان: کار پرفائرنگ سے پی پی رہنما اہلیہ سمیت جاں بحق، بچہ زخمی

مقتولین کی شناخت غلام نبی مگسی، ثمرین مگسی کے نام سے ہوئی، ملزمان فرار
اپ ڈیٹ 27 جون 2026 09:50am

ٹنڈو محمد خان میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ کو قتل کر دیا، پانچ سالہ بیٹا زخمی ہو گیا۔

ٹنڈو محمد خان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ ثمرین مگسی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کا پانچ سالہ بیٹا سیف اللہ مگسی زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ بلڑی شاہ کریم تھانے کی حدود میں سجاول روڈ پر پیش آیا، جہاں ویگو گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے غلام نبی مگسی کی کار کو نشانہ بنایا اور اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ ثمرین مگسی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کا پانچ سالہ بیٹا سیف اللہ مگسی زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں بھی جاری ہیں۔