بھارتی شو میں پاکستانی گانا: سجاد علی قانونی کارروائی کریں گے؟

سوشل میڈیا پر پاکستانی موسیقی کے کاپی رائٹس سے متعلق ایک بحث چھڑ گئی ہے۔
شائع 30 جون 2026 09:20am

بھارت کے ایک ٹی وی شو میں پاکستان کے مشہورگلوکار سجاد علی کا گانا گائے جانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طرح طرح کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چند سال قبل پاکستان میں ایک بڑے گائیکی شو میں سجاد علی نے اپنے گانے گانے کی اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس شو میں کوئی بھی امیدوار ان کے گانے نہیں گا سکتا تھا۔

اس وقت سجاد علی کے اس فیصلے پر مختلف آراء سامنے آئی تھیں۔ ان پر یہ تنقید بھی ہوئی تھی کہ وہ اپنے موسیقی کے کام کو کھل کر آگے بڑھنے نہیں دیتے۔

لیکن اب ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ بھارت کے ایک مشہور ٹی وی شو ’پنجاب ماسٹر چیمپز‘ میں ایک کم عمر گلوکار نے سجاد علی کا مقبول گانا ’راوی‘ گایا۔

اسی شو میں ایک اور امیدوارنے پاکستان کے ایک اور نامور نوجوان گلوکار عاصم اظہر کا مشہور گانا ’میری زندگی ہے تو‘ بھی گایا۔

بھارتی شو میں یہ گانے گائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی موسیقی کے کاپی رائٹس سے متعلق ایک بحث چھڑ گئی ہے اور لوگ یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ کیا سجاد علی اب اس بھارتی شو انتظامیہ کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کریں گے یا نہیں؟

اس حوالے سے ایک صارف نے سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ کیا سجاد علی کو بھارتی شو میں اپنا گانا چلنے پر کوئی اعتراض ہوگا؟

جبکہ ایک اور شخص نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کے اپنے شو پر تو اعتراض تھا، تو کیا انہوں نے بھارتی شو کو اس کی اجازت دے دی ہے؟

یہ پورا معاملہ اس وقت انٹرنیٹ پر کافی وائرل ہے اور مداح یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ سجاد علی کا اس پر کیا موقف سامنے آتا ہے۔

تاحال سجاد علی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اس لیے یہ واضح نہیں کہ وہ اس پیشکش پر کوئی قانونی یا عوامی ردعمل دیں گے یا نہیں۔

واضح رہے کہ سجاد علی گزشتہ چار دہائیوں سے اپنی منفرد آواز اور لازوال دھنوں کے باعث موسیقی کی دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کے گیت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں موسیقی کے مداحوں میں بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔