شریف برادران تعزیتی دورے پر قطر پہنچ گئے

ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم سابق امیر قطر مرحوم شیخ حماد بن خلیفہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کریں گے۔
اپ ڈیٹ 13 جولائ 2026 02:06pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔

دوحہ ایئرپورٹ پر آمد پر قطر کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن بن علی آل ثانی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاکستانی وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران قصرِ لوسیل جائیں گے، جہاں ان کی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حماد آل ثانی سے ملاقات ہوگی۔

دورے کا بنیادی مقصد قطر کے سابق امیر شیخ حماد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں، جو پاکستانی وفد کا حصہ ہیں۔