ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم اچانک دنیا کی آنکھوں میں کیوں کھٹکنے لگی؟

جیت کے لیے دعائیں کرنے والے اب ارجنٹینا کی ہار چاہتے ہیں۔
شائع 14 جولائ 2026 10:20am

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ارجنٹینا کی قومی ٹیم ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، لیکن اس بار وجہ صرف اس کی شاندار کارکردگی نہیں بلکہ دنیا بھر کے فٹبال شائقین کا بدلتا ہوا رویہ بھی ہے۔ جو لوگ پہلے ارجنٹینا اور لیونل میسی کی جیت کے لیے دعائیں کرتے تھے، اب وہی لوگ چاہتے ہیں کہ ارجنٹینا ہر میچ ہار جائے۔ جب کوئی ٹیم مسلسل جیتنے لگتی ہے تو لوگوں کی ہمدردی ختم ہو جاتی ہے اور وہ اس سے جلنے لگتے ہیں۔ ارجنٹینا کے ساتھ بھی یہی کچھ ہو رہا ہے۔

کئی سالوں تک فٹ بال کے شوقین لیونل میسی کو ایک دکھی ہیرو کے طور پر دیکھتے تھے۔ میسی نے کلب فٹ بال میں ہر ٹرافی جیتی تھی لیکن وہ ارجنٹینا کے لیے ورلڈ کپ نہیں جیت پا رہے تھے۔ جب بھی ارجنٹینا فائنل میں ہارتا، تو دنیا بھر کے لوگ میسی کے لیے اداس ہو جاتے۔

2014 میں جب ارجنٹینا جرمنی سے ورلڈ کپ فائنل ہارا، تو سب کو دکھ ہوا۔ جب وہ 2015 اور 2016 میں فائنل ہارے، تو لوگوں کی ہمدردی اور بھی بڑھ گئی۔ دنیا ارجنٹینا سے پیار کرتی تھی کیونکہ وہ ہمیشہ جیت کے قریب پہنچ کر ہار جاتے تھے۔

میسی کو ایک ایسے عظیم کھلاڑی کے طور پر دیکھا جاتا تھا جو اپنی تمام کامیابیوں کے باوجود عالمی اعزاز سے محروم تھا۔ یہاں تک کہ دوسری شکست کے بعد جب میسی نے مختصر عرصے کے لیے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو مخالف ٹیموں کے مداحوں نے بھی ان سے واپس آنے کی اپیل کی تھی۔

لیکن پھر اچانک منظر بدل گیا۔ ارجنٹینا نے مسلسل بڑے ٹائٹل جیتنے شروع کردیے۔ 2021 میں کوپا امریکا، 2022 میں فائنالیسیما اور پھر قطر میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ارجنٹینا نے عالمی فٹبال میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ اسی کامیابی کے بعد ٹیم کے بارے میں مداحوں کے جذبات بھی تبدیل ہونے لگے۔

2021 میں کوپا امریکہ اور پھر قطر میں ہونے والا ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ جیسے ہی میسی کا خواب پورا ہوا، لوگوں کا رویہ بھی بدل گیا۔ شائقین نے لیونل میسی کے بارے میں بات کرنا بند کر دی اور ریفریوں کے فیصلوں پر بحث شروع کر دی۔

اب ارجنٹائن کی ہر بڑی جیت پر لوگ سوال اٹھاتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ ورلڈ کپ کا پورا ٹورنامنٹ اس طرح بنایا گیا تھا تاکہ میسی جیت سکیں۔ ارجنٹینا کو ملنے والی پنالٹیوں پر سوشل میڈیا پر مذاق بنائے گئے۔ اگرچہ ماضی میں انگلینڈ، جرمنی، فرانس اور اٹلی جیسی ٹیمیں بھی متنازع فیصلوں کی مدد سے میچ جیتی ہیں، لیکن ارجنٹینا کی جیت کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اس نفرت کی ایک بڑی وجہ گول کیپر ایمیلیانو مارٹنیز بھی ہیں جن کے جارحانہ انداز اور مخالف ٹیموں کو نفسیاتی دباؤ میں لانے کی کوششوں پر اکثر تنقید ہوتی ہے۔ وہ میچ کے دوران مخالف کھلاڑیوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور عجیب طریقے سے جشن مناتے ہیں۔

جب دوسرے ملکوں کے کھلاڑی ایسا کرتے ہیں تو لوگ اسے ان کا جادو کہتے ہیں، لیکن جب کوئی ارجنٹینا کا کھلاڑی ایسا کرے تو اسے بدتمیزی کہا جاتا ہے۔ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے جذبے کو اب غصہ اور ان کے بھروسے کو غرور کا نام دیا جانے لگا ہے۔

تاہم، ارجنٹینا کے کھلاڑیوں سے غلطیاں بھی ہوئی ہیں۔ 2024 کے کوپا امریکہ کی جیت کے جشن کے دوران انزو فرنانڈیز اور دیگر کھلاڑیوں نے ایک ایسا گانا گایا جسے فرانس کے کھلاڑیوں نے نسل پرستانہ قرار دیا۔ اس حرکت پر ارجنٹینا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جو کہ بالکل درست تھا، لیکن اس ایک واقعے کی وجہ سے پوری ٹیم اور ان کے مداحوں کو برا کہنا ٹھیک نہیں ہے۔

سچ بات یہ ہے کہ اب ارجنٹینا دوسری ٹیموں کے خوابوں کے راستے کا پتھر بن گیا ہے۔ وہ ہر بڑے ٹورنامنٹ میں فیورٹ ٹیم کے طور پر میدان میں اترتا ہے، جس کی وجہ سے دیگر ٹیموں کے مداح اسے اپنی کامیابی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں۔

انگلینڈ، فرانس اور اسپین جیسی ٹیمیں جب بھی ٹرافی جیتنے کا خواب دیکھتی ہیں، ارجنٹائن ان کے سامنے دیوار بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ دنیا ہمیشہ خواب دیکھنے والوں سے پیار کرتی ہے، جیتنے والوں سے نہیں۔ اس لیے اب ارجنٹینا کے خلاف ہونے والی باتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ دنیا کی سب سے طاقتور ٹیم بن چکے ہیں، کیونکہ کمزور ٹیموں کے خلاف کوئی سازشوں کی کہانیاں نہیں بناتا۔

میسی کی ورلڈ کپ کامیابی نے نہ صرف ان کے کیریئر کو مکمل کیا بلکہ ارجنٹینا کے بارے میں دنیا کے فٹبال شائقین کی سوچ بھی ہمیشہ کے لیے بدل دی۔ جو ٹیم کبھی ہمدردی کی علامت تھی، آج وہ عالمی چیمپئن ہے اور شاید یہی کامیابی اس پر ہونے والی بڑھتی ہوئی تنقید کی سب سے بڑی وجہ بن گئی ہے۔