ہنگو میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت، حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ ہلاک

دہشت گرد امیر معاویہ گزشتہ دنوں ہنگو خزینہ چیک پوسٹ پر ہونے والے حملہ میں ملوث تھا: سیکیورٹی حکام
شائع 02 اگست 2026 04:40pm

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر احمد عرف امیر معاویہ ہلاک ہوگیا ہے۔ حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہنگو کے علاقے چھپڑی نریاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ٹی ٹی پی سے وابستہ مبینہ اہم کمانڈر احمد عرف امیر معاویہ مارا گیا، جسے حکام نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق امیر معاویہ تنظیم میں کمانڈر کاظم کے بعد ایک اہم ذمہ داری پر فائز تھا اور سیکیورٹی فورسز کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد گزشتہ دنوں ہنگو کی خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث تھا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس کارروائی کو ہنگو پولیس کے شہداء کے خون کا بدلہ قرار دیا جا رہا ہے جب کہ امیر معاویہ کی ہلاکت دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

سیکیورٹی حکام نے واضح کیا کہ خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس حملے میں ملوث کسی بھی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 29 جولائی کو ہنگو کے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے۔