کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیش گوئی

پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ہزارہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملاکنڈ ڈویژن سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں مزید بارش کا امکان
شائع 02 اگست 2026 10:50am

ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے مختلف رنگ دکھانا شروع کر دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور جنوب مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا میں پشاور سمیت میدانی اور بالائی اضلاع میں موسلا دھار بارش کے باعث حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ہزارہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملاکنڈ ڈویژن سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دیگر شہروں میں چترال کا درجہ حرارت 21، دیر 20، مالم جبہ 22، سیدو شریف 25، بنوں 32، ڈیرہ اسماعیل خان 33 اور ایبٹ آباد 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی 5 اگست تک بارشوں کا الرٹ برقرار رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جھل مگسی، سبی، لورالائی، آواران، لسبیلہ، خضدار اور گردونواح میں بارش کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور قلات میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیارت میں 26 اور ژوب میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

اسی طرح سبی میں 43، تربت میں 41، نوکنڈی میں 44، چمن میں 39 جبکہ ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔