آج ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کیا ہیں؟
پاکستان میں آج پیٹرول قیمت 336 روپے 03 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی یہ نئی قیمتیں 3 اگست تک برقرار رہیں گی۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کی معمولی کمی کی گئی ہے۔
اگر 20 جولائی سے لے کر اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر تین بار کمی اور چھ بار اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ایک دن قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
اس کے برعکس ڈیزل کی قیمت میں اس پورے عرصے کے دوران صرف ایک بار معمولی کمی کی گئی ہے جبکہ آٹھ بار اس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا گیا ہے۔
20 جولائی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے کی کمی کی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 71 پیسے بڑھا دی گئی تھی۔
اس کے بعد 21 جولائی سے لے کر 24 جولائی تک مسلسل چار دن پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوتا رہا۔
25 جولائی کو حکومت نے دونوں مصنوعات کی قیمتوں کو بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رکھا۔
اس کے بعد 27 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے کی کمی دیکھی گئی جبکہ ڈیزل مزید 3 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا۔
28 جولائی کو ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔
29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا ہوا مگر ڈیزل کی قیمت میں مزید 2 روپے 24 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 30 جولائی کو بھی پیٹرول اور ڈیزل دونوں مہنگے کیے گئے، جس کے بعد اب 31 جولائی کو جا کر دونوں کی قیمتوں میں معمولی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس نئے نظام کی شروعات کے حوالے سے 17 جولائی کو اہم اعلان ہوا تھا۔ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پالیسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اور اوگرا روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی“۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پہلے بین الاقوامی منڈی، ڈالر کی قدر اور ٹیکسوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی کی قیمتوں میں آنے والے تیز اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے اب روزانہ کی بنیاد پر ریٹ طے کیے جا رہے ہیں۔















