پیرو میں سیاحوں کا طیارہ گر کر تباہ، 13 افراد ہلاک

نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے جانے والا طیارہ پرواز کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہوا، تحقیقات شروع
شائع 02 اگست 2026 08:49am

لاطینی امریکی ملک پیرو میں نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے جانے والا ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ پرواز بھرنے کے چند لمحوں بعد گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 11 مسافر اور عملے کے 2 ارکان ہلاک ہوگئے۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ جنوبی پیرو کے شہر پسکو کے قریب پیش آیا، جہاں سے سیاحتی طیارے نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے کچھ دیر بعد نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے پرواز بھری تھی۔

حکام کے مطابق طیارے میں 11 مسافر اور 2 پائلٹ سوار تھے۔ پرواز بھرنے کے فوراً بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں تمام 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پیرو کے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور وہاں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابھی تک حادثے کی وجوہات سے متعلق کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

نازکا لائنز دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک مشہور تاریخی مقام ہے، جہاں ان پراسرار زمینی نقوش کو فضاء سے دیکھنے کے لیے روزانہ سیاحتی پروازیں چلائی جاتی ہیں۔