آزاد کشمیر میں حکومت سازی، قائد ایوان کے انتخاب کا اختیار نواز شریف کو سونپ دیا گیا

مری میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر کے نومنتخب ارکان نے شرکت کی۔
شائع 15 اگست 2026 06:28pm

مری میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نومنتخب لیگی ارکان اسمبلی کے ساتھ حکومت سازی، اہم پارلیمانی عہدوں اور آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی و انتظامی ترجیحات پر مشاورت کی گئی۔ نواز شریف نے انتخابی کامیابی پر ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے عوامی اعتماد پر پورا اترنے اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل تیز کرنے پر زور دیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کے قائد ایوان کے انتخاب کا حتمی اختیار نواز شریف کو سونپ دیا گیا ہے، جو آئندہ چند روز میں قائد ایوان کے نام کا اعلان کریں گے۔ اجلاس میں دیگر اہم پارلیمانی عہدوں کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی پر مسلم لیگ ن کے نومنتخب ارکان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے، مخالفین کو سوچنا چاہیے کہ وہ شکست سے کیوں دوچار ہوئے، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔

نواز شریف نے کہا کہ لیگی ارکان نے مخالفین کی انتخابی مہم کا بھرپور مقابلہ کیا، تاہم اب عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی ذمہ داری ہے اور اسے ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا موجودہ ماحول سب کے لیے پریشانی کا باعث ہے، خطے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص ہونے چاہئیں۔ کشمیریوں کو کسان کارڈ اور باعزت روزگار کی سہولت ملنی چاہیے، جب کہ کسی نشست پر شکست کی صورت میں حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ماضی میں جن لوگوں نے نعرے لگائے، وہ بے کار گئے، جب کہ سابقہ حکومت کے دور میں پاکستان کی جو حالت ہوئی، وہ کبھی نہیں دیکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے پنجاب بدلا ہے، اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلنا ہے۔ پاکستان آگے کی طرف بڑھ رہا ہے، پیچھے نہیں جا رہا، جب کہ آزاد کشمیر کا بچہ بھی چاہتا ہے کہ اس کے پاس لیپ ٹاپ ہو۔

نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی، جسے مریم نواز نے آگے بڑھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر پہاڑی علاقہ ہے، جہاں ہیلی کاپٹر کا ہونا ضروری ہے، اس لیے شہباز شریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر فراہم کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ بہت جلد آزاد کشمیر کے مسائل پر قابو پا کر ان سے باہر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی آزاد کشمیر حکومت عوامی امنگوں پر پورا نہیں اتری۔

انہوں نے نومنتخب ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے جو اعتماد دیا ہے، اسے عملی کارکردگی سے ثابت کرنا ہوگا اور آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کام کرنا ہوگا۔