آصف زرداری کو بلاو ل بھٹو کاوزیر اعظم سے نہ ملنے کا مشورہ

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2016 06:07pm

zardari_image

فائل فوٹو

اسلام آباد:پیپلزپارٹی ارکان نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کو پانامہ لیکس پر کسی دباوٴ میں نہ آنے اور آصف زرداری کو نواز شریف سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

پاناما لیکس میں آنے والی آف شور کمپنیز کا شور ، بڑھتا جارہا ہے۔عمران خان کے رائے ونڈ مارچ کی کال پر کون ساتھ آئے گا، کون نہیں؟ ابہام برقرار ہے ۔

، پیپلزپارٹی کس کے ساتھ کھڑی ہوگی، شریف برادران یا عمران خان۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا بلاول بھٹو کی صدارت میں اسلام آباد میں اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں راجہ پرویز اشرف، اعتزاز احسن، شیری رحمان، لطیف کھوسہ، فاروق ایچ نائیک، جہانگیر بدر، فرحت اللہ بابر اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔

اجلاس میں خورشید شاہ اور اعتزاز احسن نے پانامہ لیکس کے حوالے سے تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں سے اتحاد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق سینئر رہنماوٴں نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیا ہے کہ پارٹی پانامہ لیکس کے معاملے میں کسی دباوٴ میں نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا ہوگا جس کے لیئے ضروری ہے مسلم لیگ ن سے فاصلہ اختیار کیا جائے۔

اجلاس میں سینئر رہنماوٴں نے آصف زرداری کو لندن میں نواز شریف سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ فوج کے حوالے سے آصف زرداری کے بیان کے بعد نواز شریف نے نہ تو ملاقات کی اور نہ ہی پیپلز پارٹی کے سریک چیئرمین سے فون پر بات کی لہذا پیپلزپارٹی کو بھی پانامہ لیکس پر نواز شریف کا ساتھ نہیں دینا چاہیئے۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ٹیلی فون پر آصف علی زرداری کو پارٹی ارکان کی راہ سے آگاہ کریں گے۔