معاشی ترقی اقتصادی راہداری اور کراچی کے امن سے مشروط قرار
فائل فوٹو
کراچی :آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری اور معیشت کی ترقی کراچی کے امن سے مشروط ہے، پْرامن کراچی کیلئے مربوط حکمت عملی اپناناہوگی، کراچی میں دیرپا امن کے قیام کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں کور ہیڈکوارٹرزکراچی کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا۔جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختاراور ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشن اور ڈی جی رینجرزسندھ نے شرکت کی۔
آرمی چیف کو کراچی آپریشن پر بریفئنگ دی گئی۔ جنرل راحیل شریف نے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں کامیابیاں رینجرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، شہریوں کی سیکیورٹی فورسزکیلئے پْرزور حمایت نے آپریشن کامیاب بنایا۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پْرامن اور دہشتگردی سے پاک کراچی، اقتصادی و معاشی ترقی کیلئے اہم ہے۔
آرمی چیف نے کراچی میں ایئر وار کالج کا بھی دورہ کیا اور کورس کے شرکا، افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے ملکی ترقی کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔