رحیم یار خان اورراجن پورمیں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن معطل

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2016 11:31am
چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن معطل / فائل فوٹو چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن معطل / فائل فوٹو

رحیم یار خان ،راجن پور:رحیم یار خان اور راجن پور کے قریب کچے کے علاقہ میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن معطل کردیا گیا، ڈاکووٴں نے ایک مغوی پولیس اہلکار کو شہید اور چار کو چھوڑ دیا جبکہ دیگر کی بازیابی کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔

رحیم یار خان اور راجن پور کے قریب کچے کے علاقے میں آپریشن ضرب آہن معطل ہو گیا،گزشتہ روز پولیس جب کچی مورو میں داخل ہوئی تو ڈاکووں نے پولیس پارٹی پر دھاوا بول دیا تھا جس کے نتیجے میں جہاں شہادتیں ہوئیں وہیں پچیس پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا گیا۔

یرغمال پولیس اہلکاروں میں سے ڈاکووٴں نے ایک کو شہید کرنے کے بعد چار کو چھوڑ دیا تھا اور دیگر بیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پولیس کی جانب سے چھوٹو گینگ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں جبکہ آپریشن گزشتہ روز سے معطل ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چھوٹو گینگ عرصہ دراز سے دہشت کی علامت بنا ہوا ہے،پولیس کو مقابلے کیلئے مزید وسائل فراہم کئے جائیں،پولیس کے مطابق یرغمال اہلکاروں کی بازیابی کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی،جبکہ آپریشن کے دوران پانچ ڈاکووٴں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔